فردوس عاشق اعوان سے تلخ کلامی، قادر مندوخیل نے عدالت سے رجوع کر لیا

فردوس عاشق اعوان سے تلخ کلامی، قادر مندوخیل نے عدالت سے رجوع کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنماءقادر مندو خیل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے تلخ کلامی کے معاملے پر عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق قادرخان مندوخیل نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ درخواست گزار ایم این اے قادر مندوخیل نے کہا کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں فردوس عاشق اعوان نے مجھے تھپڑ مارا اور تشدد کیا، فردوس عاشق اعوان نے مجھے غلیظ گالیاں دیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
قادر مندوخیل نے کہا کہ میں بمشکل وہاں سے اپنی جان بچا کر نکلا، واقعے سے میرے ووٹرز اور اہل خانہ کو شدید صدمہ پہنچا۔ قادر مندوخیل نے درخواست میں کہا کہ پولیس نے واقعے کے مقدمے کے اندراج سے انکار کردیاہے لہٰذا عدالت پولیس کو فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمے کے اندراج کا حکم دے۔
دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے بھی اس معاملے پر قادر مندوخیل کو 1ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا رکھا ہے۔ فردوس عاشق اعوان کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کے متن کے مطابق قادر مندوخیل لائیو پروگرام کے دوران بدسلوکی، ہراساں کرنے اور بغیر ثبوت الزامات عائد کرنے پر آئندہ 14 روز میں غیر مشروط معافی مانگیں۔