بینظیر بھٹو کو پنڈی جلسے میں شرکت سے روکا تھا: آصف زرداری

بینظیر بھٹو کو پنڈی جلسے میں شرکت سے روکا تھا: آصف زرداری
سورس: file photo

لاہور: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بینظیر کو پنڈی جلسے میں شرکت سے منع کیا تھا لیکن وہ نہیں مانیں۔

نیو نیوز کے مطابق بلاول ہاؤس لاہور میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 68ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نےسالگرہ کا کیک کاٹا۔

سابق صدر نے تقریب سے خطاب کرتے  کہا کہ بینظیر بے نظیر تھیں انہوں نے دنیا میں اپنی سوچ منوائی، دنیا بھر کے دانش مند آج ان پر کتابیں لکھ رہے ہیں، وہ سال کے سب سے لمبے دن 21 جون کو پیدا ہوئیں بھٹو صاحب کہتے تھے یہ سورج کبھی غروب نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر کو پنڈی جلسے میں شرکت سے منع کیا تھا مگر وہ نہیں مانیں، انٹیلی جنس افسر نے رات کو بتایا تھا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے اس پر بینظیر نے کہا کہ دہشت گردوں کو پکڑتے کیوں نہیں؟

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اللہ نے بی بی کو اتنی ہمت دی کہ مشرف کو مکھی کی طرح نکال باہر کیا، جان آنی جانی چیز ہے آپ کی وجہ سے ہر مشکل کا مقابلہ کرسکتا ہوں، انسان بہت کمزور ہے، دعا کریں مولا مجھے قبر تک ہمت دے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی جیل تو کبھی اسپتال میں رہا ہوں، کارکنوں سے ملنا میرے لیے کسی تحفے سے کم نہیں، بلاول کو میں کیا سکھا سکتا ہوں مچھلی کو کوئی تیرنا سکھاتا ہے؟ بلاول آپ کی آئندہ نسلوں کو ساتھ لے کر چلے گا۔