عمران خان کا نیب ترمیمی بل کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ

عمران خان کا نیب ترمیمی بل کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے نیب ترمیمی بل کے خلاف ہر فورم پر مزاحمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ ترمیم کے خلاف آئینی و قانونی فورم پر جائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جانتا تھا یہ اقتدار میں آ کر اپنے آپ کو بچائیں گے اور انہوں نے ریفارمز کے نام پر اپنے کیسز بند کرنے کی کوشش کی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ این آر او نے اس ملک کو معاشی اور اخلاقی طور پر نا قابل تلافی نقصان پہنچایا، نیب ترامیم کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ ہر آئینی اور قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور وفاقی وزیر خرم دستگیر کے حالیہ بیان کا جائزہ بھی لیا گیا جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ خرم دستگیر کا بیان ثبوت ہے کہ یہ این آر او لینے کیلئے حکومت میں آئے، مہنگائی اور عوامی مسائل امپورٹڈ حکومت کی ترجیح نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکا کے درمیان خواجہ آصف کا صدر مملکت سے متعلق بیان بھی زیر بحث آیا اور شرکاءنے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے بیان کو شرمناک اور حلف سے انحراف قرار دیا۔ 

مصنف کے بارے میں