گوجرانوالہ کا دورہ ، عمران خان کو 40تولے سونے کا تاج پہنایا جائے گا

گوجرانوالہ کا دورہ ، عمران خان کو 40تولے سونے کا تاج پہنایا جائے گا

گوجرانوالہ : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )  کے سربراہ عمران خان آج گوجرانوالہ کاایک روزہ دورہ کریں گے،  جہاں انہیں40تولے سونے کا تاج پہنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان  ممبرسازی مہم کے حتمی مرحلے کا جائزہ  لینے کے لیے گوجرانوالہ میں آج اپنا پڑاؤ ڈالیں گے  اور کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔
عمران خان گوجرانوالہ کے طوفانی دورے کا آغاز دوپہر دو بجے کریں گے، کپتان کوخوش آمدید کہنے کیلئے کھلاڑیوں نے شہر بھر میں استقبالیہ بینرز اور سائن بورڈ آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔عمران خان کامونکی سے ممبر سازی مہم کا افتتاح کریں گے اور کھلاڑیوں کا لہو گرمائیں گے، کامونکی کے بعد ایمن آباد موڑ،چنددا قلعہ، شیخوپورہ موڑ سمیت مختلف مقامات پر خطاب بھی کریں گے۔
اس موقع پر عمران خان کو 40تولے سونے کا تاج پہنایا جائے گا جبکہ تحفے میں چاندی کا بلا بھی دیاجائے گا، سونے کے تاج کی مالیت 20لاکھ روپے ہے، تاج کے چاروں اطراف قیمتی پتھر بھی لگائے گئے ہیں۔سونے کا تاج اور چاندی کابلا ایم این اے میاں طارق کی جانب سے تیار کرایا گیا۔

خیال رہے کہ میاں طارق نے حال ہی میں ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکی، جلسے میں ن لیگی ایم این اے میاں طارق پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرینگے۔