ڈالر کی بڑھتی قیمت کو روکا نہیں جاسکتا: وزیر مملکت برائے خزانہ

ڈالر کی بڑھتی قیمت کو روکا نہیں جاسکتا: وزیر مملکت برائے خزانہ

اسلام آباد: ڈالر کی قیمتوں میں بڑھتے ہوئے اضافے پر حکومت نے ہاتھ کھڑے کر لیے۔ وزیرمملکت برائے خزانہ رانا افضل نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کو روکا نہیں جاسکتا کیونکہ اس کی قیمت کا تعین مارکیٹ فورسز کرتی ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے برآمدات بڑھیں گی، ڈالر کی قیمت میں اضافے کو روکا نہیں جا سکتا، ڈالرکے معاملے پر ہم مداخلت نہیں کرتے، اس کی قیمت کا تعین مارکیٹ فورسز کرتی ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے پاس 12 ارب ڈالر سے زائد کے ذخائر موجود ہیں، ڈالر کا 112 سے 115 روپے کے درمیان ریٹ مناسب ہے، سٹے باز زیادہ دیرتک سرگرم نہیں رہ سکتے۔
رانا افضل کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں 3 ارب ڈالر سے زیادہ کا بیرونی قرض واپس کرنا ہے، بیرونی ادائیگیوں سے متعلق حکومت پریشان نہیں ہے، اس کے لیے بہت ساری چیزیں پائپ لائن میں ہیں۔وزیر مملکت برائے خزانہ نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہو گا، بجٹ میں اگر ضرورت پڑی توٹیکس انتہائی محدود بڑھائیں گے۔