پشاور زلمی پی ایس ایل تھری کے فائنل میں پہنچ گیا

پشاور زلمی پی ایس ایل تھری کے فائنل میں پہنچ گیا

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمینٹر میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو  13 رنز سے شکست دیدی ، 171 رنز  ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز 157 رنز پر ہمت ہار بیٹھی، پی ایس ایل تھری کا فائنل 25 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانیوالے  میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، پشاور زلمی کے بلے بازوں نے دھواں دار کھیل کے ذریعے کراچی کنگز کو  171 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب میں ڈینلی کے 79 اور بابر اعظم  کے 63 رنز بھی کراچی کے کام نہ آئے اور ٹیم صرف 157 رنز  بنا سکی۔ 
اس سے قبل  پشاور زلمی کی جانب سے آندرے فلیچر اور کامران اکمل اوپن کرنے آئے اور 107 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔پشاور کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو 30 گیندوں پر 34 رنز بنا کر روی بوپارا کی گیند کا شکار بنے۔ دوسرے اینڈ سے کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ جاری تھی، تاہم روی بوپارا کے ہی اوور میں وہ بھی پوائنٹ پر فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔ پشاور کے آگے آنے والے بلے بازوں نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ کپتان ڈیرن سیمی 12 گیندوں پر 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے تین، ٹائمل ملز نے دو جبکہ عثمان شنواری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پشاور زلمی کے بلے باز کامران اکمل کی پی ایس ایل تھری کے دوسرے پلے آف میں دھواں دار بیٹنگ 17 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری داغ ڈالی۔ کامران اکمل 26 گیندوں پر 77 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، ان کی اننگز میں آٹھ چکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ کامران اکمل کے 77 رنز کی بدولت پشاور زلمی کی ٹیم 170 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔