پاکستان میں 2 ہفتے کیلئے بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ

پاکستان میں 2 ہفتے کیلئے بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ
کیپشن: پی آئی اے کی اندرونِ ملک پروازیں جاری رہیں گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے آئندہ دو ہفتے تک ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پابندی کا اطلاق ہفتہ 21 مارچ شب 8 بجے سے ہو گا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ مسافروں کو پیش آنے والی دشواریوں کے لیے معذرت خواہ ہیں مگر پرہیز علاج سے بہتر ہے، مزید معلومات اور بکنگ کے تبدیلی کے لیے پی آئی اے کال سنٹر سے رابطہ کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران پی آئی اے کی اندرونِ ملک پروازیں جاری رہیں گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے بتایا کہ آج سے دو ہفتے یعنی 4 اپریل تک بین الاقوامی پروازیں پاکستان نہیں آ سکتیں، حکومتی فیصلے کا اطلاق آج رات 8 بجے سے ہوگا۔

معید یوسف نے مزید بتایا کہ پابندی میں پسنجر چارٹر اور پرائیوٹ پروازیں شامل ہیں تاہم سفارت کار اور کارگو کے جہازوں کو پاکستان میں آنے کی اجازت ہو گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت صوبوں کے درمیان انٹر سٹی بس سروسز بند کر دی گئی ہے جبکہ ریلوے نے 34 ٹرینیں بھی معطل کر دی ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے اور اب تک ملک بھر میں تین ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔