فضل الرحمن کی مریم نواز سے ملاقات، پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلہ 

فضل الرحمن کی مریم نواز سے ملاقات، پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلہ 
کیپشن: فضل الرحمن کی مریم نواز سے ملاقات، پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلہ 
سورس: file

لاہور: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

 مولانا فضل الرحمٰن کچھ دیر بعد جاتی امرا رائے ونڈ میں مریم نواز سے ملاقات کرینگے ۔مولانا فضل الرحمن ملاقات کے لیے جاتی امرا پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر  مسلم لیگ ن کی طرف سے مریم نواز ، حمزہ شہباز، رانا ثناءاللہ،پرویز رشید اور دیگر رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمن کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے دئیے جانے والے پیغام ، استعفوں اور پی ڈی ایم کی آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے گزشتہ سربراہی اجلاس  میں  پیپلز پارٹی کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفے دینے کے حتمی فیصلے تک 26 مارچ کو حکومت کے خلاف ہونے والا اپنا لانگ مارچ ملتوی کر نے کا فیصلہ کیا تھا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں لانگ مارچ کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کا سربراہی اجلاس 26 مارچ کے لانگ مارچ کی حکمت عملی اور اس کے ساتھ اسمبلیوں سے استعفے دینے کے بارے میں تھا۔

انھوں نے کہا کہ اجلاس میں لانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کو وابستہ کرنے کے حوالے سے نو جماعتیں اس کے حق میں جبکہ پی پی پی کو اس سوچ پر تحفظات تھے اور انھوں نے حتمی فیصلے کے لیے وقت مانگا ہے کہ ہم اپنی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی سے رجوع کر کے پی ڈی ایم کو آگاہ کریں گے۔ لہٰذا 26 مارچ کا لانگ مارچ پیپلزپارٹی کے جواب تک ملتوی تصور کیا جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سربراہی اجلاس میں نوازشریف، آصف زرداری، ڈاکٹر جمال الدین ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔