’سعودی مرد پاکستانی خواتین کیساتھ شادی نہ کریں‘ مملکت میں نئی پابندیاں لاگو کر دی گئیں

’سعودی مرد پاکستانی خواتین کیساتھ شادی نہ کریں‘ مملکت میں نئی پابندیاں لاگو کر دی گئیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی عرب نے اپنے شہریوں پر پاکستان، بنگلہ دیش، چاڈ اور میانمار کی خواتین سے شادی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ مذکورہ ممالک کی خواتین سے شادی کے خواہشمند سعودی مردوں کو اب سخت قوانین اور جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غیر سرکاری اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو مندرجہ بالا چار ممالک سے تقریباً پانچ لاکھ خواتین سعودی عرب میں رہائش پذیر ہیں اور مکہ ڈیلی میں شائع ہونے والی رپورٹ میں مکہ پولیس کے ڈائریکٹر میجر جنرل آصف القریشی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ان ممالک کی خواتین سے شادی کے خواہشمند سعودی مردوں کو سخت قوانین کا سامنا کرنا ہو گا۔ 
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد غیر ملکی خواتین سے شادی کے خواہشمند سعودی شہریوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے تاہم اگر کوئی غیر ملکی خاتون سے شادی کا خواہشمند ہے بھی تو اسے اجازت دینے کیلئے نئے طریقہ کار بھی متعاراف کرائے جا رہے ہیں جن پر عملدرآمد کے بعد ہی کسی کو اجازت مل سکے گی۔ 
رپورٹ کے مطابق غیر ملکی خواتین سے شادی کی خواہش رکھنے والے سعودی شہریوں کو حکومت کی رضامندی بھی درکار ہو گی جس کیلئے اسے ایک درخواست دینا پڑے گی جبکہ طلاق یافتہ مرد طلاق کے چھ مہینے بعد تک یہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ درخواست گزار کی کم از کم عمر بھی 25 سال ہونی چاہئے جبکہ اسے ڈسٹرکٹ میئر کے دستخط شدہ شناختی دستاویزات جمع کروانے کے علاوہ فیملی کارڈ کی کاپی بھی درخواست کے ساتھ جمع کروانی ہو گی۔