پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا 15 روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ 

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا 15 روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث مثبت کیسز میں مسلسل اضافے پر فوری طور پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے 15 روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر اشرف نظامی،خالد محمود خان، تنویر انور، ڈاکٹر عمران سمیت دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجود حالات میں مسئلہ کی سنگینی سے آگاہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، گزشتہ سال 23 اپریل کو یقینی کیسز کی تعداد 1115 جبکہ ایکٹیو کیسز کی تعداد 839 تھی، دوسری لہر اکتوبر 2020ءمیں آئی اور اس وقت مثبت کیسز کی شرح 3795 اور شرح اموات 2.24 تھی۔
آج سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 31107 کیسز ہیں جن میں صرف پنجاب میں 14504 ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3876 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں صرف پنجاب میں 2090 کیسز ہیں، سائنسی اعتبار سے دیکھا جائے تو 22 کروڑ کی آبادی میں کورونا کیسز کی تعداد لاکھوں سے تجاوز کرتی ہے اور اس کے علاوہ حکومت ویکسین کے عمل میں مجرمانہ غفلت کا مرتکب بھی ہو رہی ہے اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں لاتے ہوئے 15 روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جائے۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے کورونا کے تازہ اعدادو شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 6 لاکھ 26ہزار 802 ہوگئی اور اب تک ملک میں کورونا کے باعث 13 ہزار 843اموات ہو چکی ہیں، اعداد و شمار کے مطابق ایک روز میں 3 ہزار 667 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 44 افراد جاں بحق ہوئے۔ 
این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 41ہزار 960 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے،سندھ میں 2 لاکھ 63 ہزار 58، پنجاب ایک لاکھ 97 ہزار 177 کیسز رپورٹ ہوئے،خیبرپختونخوا میں 79 ہزار 245، بلوچستان میں 19 ہزار 327، اسلام آباد میں 51 ہزار 414، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 972 کیسز رپورٹ ہوئے اور آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 ہزار 609 ہوگئی۔