حسن علی کا کورونا میں مبتلا ہونا معمہ بن گیا، مگر کیوں؟ حیران کن خبر آ گئی

حسن علی کا کورونا میں مبتلا ہونا معمہ بن گیا، مگر کیوں؟ حیران کن خبر آ گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: دورہ جنوبی افریقہ کیلئے قومی سکواڈ میں شامل ہونے والے فاسٹ باؤلر حسن علی کا کورونا وائرس کا شکار ہونا معمہ بنتا جا رہا ہے جن کی دو رپورٹس مثبت آئیں اور جب انہوں نے کسی اور جگہ سے ٹیسٹ کروایا تو اس کی رپورٹ منفی آئی جس پر سب ہی حیران ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فاسٹ باؤلر حسن علی تاحال کورونا پوزیٹو ہیں۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہونے والے حسن علی کا وائٹ بال سکواڈ کے دیگر اراکین کی طرح اپنے شہر میں کورونا ٹیسٹ ہوا جو مثبت آیا۔ پی سی بی کی طرف سے جمعرات کو کئے گئے دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی مثبت آئی جس کی وجہ سے انہیں ابھی تک قومی ٹیم کا کیمپ جوائن کرنے کے لیے لاہور سفر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ دو ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر حسن علی کا ایک اور جگہ سے کورونا کا ٹیسٹ ہوا جس کا نتیجہ منفی آیا مگر پی سی بی اپنے پروٹوکولز کے مطابق حسن علی کا ایک اور ٹیسٹ کروائے گا اور ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کی صورت میں فاسٹ باؤلر کو گوجرنوالہ سے لاہور بلایا جائے گا اور پھر انہیں دو دن کا قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد ہی قومی ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ 
موجودہ صورتحال میں حسن علی کی جنوبی افریقہ روانگی غیر یقینی ہے کیونکہ پاکستانی سکواڈ کی تیسری اور آخری کوویڈ ٹیسٹنگ 24 مارچ کو شیڈول ہے جس میں منفی رزلٹ والے اراکین ہی 26 مارچ کو جنوبی افریقہ جا سکیں گے تاہم حسن علی ان میں شامل ہوں گے یا نہیں؟ یہ تو وقت ہی بتائے گا۔