سٹاف لیول معاہدہ میں مزید  تاخیر کا خدشہ، پاکستان  نے پیٹرول 100 روپے لیٹر سستا دینے پر مشاورت کیوں نہیں کی،  آئی ایم ایف

سٹاف لیول معاہدہ میں مزید  تاخیر کا خدشہ، پاکستان  نے پیٹرول 100 روپے لیٹر سستا دینے پر مشاورت کیوں نہیں کی،  آئی ایم ایف

لاہور: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان نے کم آمدنی والے افراد کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دینے کے فیصلہ پر اس سے کوئی مشاورت نہیں کی۔

امریکی خبررساں ادارے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے ریزیڈنٹ نمائندے ایستھر پیریز روئز نے کہا کہ سبسڈی دینے کے لیے امیر گاڑی والوں کے لیے ایندھن کی قیمتیں بڑھا کر فنڈز اکٹھا کرنے پر اس سے کوئی مشاورت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ’فنڈ کا عملہ اسکیم کے آپریشن، لاگت، ہدف بندی، دھوکا دہی اور استحصال سے متعلق تحفظات، اور آفسیٹ کے اقدامات کے حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کررہا ہے اور حکام کے ساتھ ان عناصر پر احتیاط سے بات چیت کرے گا‘۔

ایستھر پیریز روئز نے کہا کہ’پاکستان نے پالیسی وعدوں کو پورا کرنے کی جانب ’خاصی پیش رفت‘ کی ہے۔

خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کم آمدن والے طبقے کے لیے پیٹرول پر 50 روپے فی لیٹر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

 گذشتہ روز وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پیٹرول اسکیم کے تحت موٹر سائیکل والوں کے لیے پیٹرول پر 50 روپے کے بجائے 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور چھ ہفتوں کے دوران اس اسکیم کو نافذ العمل کر دیا جائے گا۔