ملک کے بیشتر شہروں میں شدید زلزلے کے جھٹکے، خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

ملک کے بیشتر شہروں میں شدید زلزلے کے جھٹکے، خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

لاہور: ملک کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جو کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 9 بج کر 47 اور 48 منٹ کے درمیان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ عالمی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق شدت 6.8 شدت ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز افغانستان کوہ ہندو کش اور گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور گردونواح، صوابی، پنڈی، بونیر، آزاد کشمیر، ڈی آئی خان، چیچہ وطنی، کمالیہ، ظفروال، بہاولپور، لودھراں، وہاڑی، ڈی جی خان، شورکوٹ، میانوالی اور خانیوال میں بھی شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ 
اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، ننکانہ صاحب، واربرٹن، سانگلہ ہل، چھانگا مانگا، پشاور، ڈی آئی خان، پاراچنار، کرک، نوشہرہ، لکی مروت، مردان، باجوڑ اور گردونواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ 
ذرائع کے مطابق گلگت، دیامر، سکردو، چلاس، غذر، حجرہ شاہ مقیم، پاکپتن، اوکاڑہ اور گردونواح، پھول نگر، پتوکی اور قرب و جوار کے علاقوں سمیت کوٹ رادھا کشن، شاہکوٹ، چونیاں، قصور، شیخوپورہ اور عارف والا میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ 
پاکپتن کے شہریوں کا موقف تھا کہ اتنا شدید زلزلہ پہلے بھی نہیں آیا جبکہ زلزلوں کے جھٹکوں کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ 
دوسری جانب سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تمام ٹیچنگ سرکاری ہسپتالوں کو الرٹ جاری کر دیا ہے تاہم ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد ابھی تک کہیں سے ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت زلزلے کے جھٹکوں سے متاثر ہوئی جس کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں اور رہائشی فلیٹس سے نکل کر باہر آ گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیم بلڈنگ کے معائنے کیلئے موقع پر پہنچ گئی ہے۔ 
شدید زلزلے کے باعث مختلف شہروں میں دیواریں گرنے اور بھگدڑ کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں ایک خاتون جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گر گئی جس کے تلے دب کر خاتون جاں بحق ہو گئی۔
اس کے علاوہ سیدوشریف ہسپتال سوات میں زلزلے میں زخمی 32 افراد لائے گئے ہیں جبکہ لوئر دیر میں ہی زلزلے کے دوران بھگدڑ کے دوران 7 افراد گر کر زخمی ہوگئے جنہیں تیمر گرہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ہی شہر صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ ضلع خیبر میں زلزلے کے باعث جمرود پمپ ہاؤس کے قریب کمرے کی چھت گر گئی تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مصنف کے بارے میں