سعودی عرب اور امریکا کے درمیان 380ارب ڈالرز سے زائد کے معاہدے

سعودی عرب اور امریکا کے درمیان 380ارب ڈالرز سے زائد کے معاہدے

ریاض:سعودی عرب اور امریکا کے درمیان 110 ارب ڈالرز مالیت کے دفاعی معاہدے سمیت مجموعی طور پر  380ارب ڈالرز سے زائد کے معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوگئے ہیں  جبکہ سعودی شاہ سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دہشتگردی ،تجارت اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور امریکا کے درمیان 380ارب ڈالرز سے زائد کے معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوگئے، جبکہسعودی عرب اور امریکا کے درمیان 110 ارب ڈالرز مالیت کا دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ دفاعی معاہدے سے خلیجی عرب خطے کو ایرانی خطرے اور علاقائی دہشت گردی سے نمٹنے اور سیکیورٹی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ریاض کے الیمامہ شاہی محل میں ہونے والی تقریب کے آغاز میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طویل المدتی اسٹریٹیجک ویژن کے معاہدے پر دستخط کئے۔اس معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے وزرا نے دفاع، عسکری پیداواری، توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت سرمایہ کاری، تیل و دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق معاہدوں اور یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔اس سے قبل سعودی فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بند کمرے میں ایک گھنٹے تک مذاکرات ہوئے۔وائٹ ہاوس کے مطابق یہ معاہدے دہشت گردی سے نمٹنے میں کارآمد ہوں گے۔وائٹ ہاوس کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ دفاعی معاہدے سعودی عرب اور خطہ خلیج کی طویل مدتی سلامتی میں کارآمد ہوں گے۔

دفاعی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں امریکی وزیرخارجہ ٹلرسن بھی موجود تھے۔اس سے قبل سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان باضابطہ مذاکرات ریاض کے الیمامہ شاہی محل میں ہوئے جس میں سعودی ولی عہد سمیت شاہی خاندان و اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور بیٹی ایوانکا ٹرمپ بھی ملاقات میں موجود تھیں ،سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب باہمی اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط کرے گا اور عالمی سیکیورٹی اوراستحکام میں مددگار ہوگا۔