عید الفطر 5 جون کو ہو گی، فواد چوہدری

 عید الفطر 5 جون کو ہو گی، فواد چوہدری
اس سال پاکستان میں 29 روزے ہوں گے اور شوال کا چاند 4 جون کو نظر آنے کا امکان ہے، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ فواد آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ قمری کیلنڈر تیار کر لیا گیا ہے۔ اس کے مطابق اس سال پاکستان میں 29 روزے ہوں گے اور شوال کا چاند 4 جون کو نظر آنے کا امکان ہے۔


فواد چوہدری نے کہا کہ قمری کیلنڈر جاری کرنے سے قبل مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے مشاورت کی جائے گی۔ فواد چوہدری نے گزشتہ روز قمری سال کا کیلنڈر مکمل کر کے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم ہر بار چاند کے معاملے پر تقسیم نظر آتے ہیں جس سے منفی تاثر ملتا ہے اور قوم کا حوصلہ بھی پست ہوتا ہے اس لیے قمری کیلنڈر بنانے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ فواد چوہدری نے قمری کیلنڈر بنانے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس میں اسپارکو، محکمہ موسمیات اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل تھے۔