اسلامی ممالک کی کوششیں رنگ لے آئیں، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ہو گیا

The efforts of Islamic countries came to fruition, a ceasefire agreement was reached between Israel and Hamas
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک/غزہ: اسلامی ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی پاکستان کی کوششیں رنگ لے آئیں، اسرائیلی کابینہ نے حماس کے ساتھ جنگ بندی کی منظوری دے دی، حماس نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کر دی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ مصر کی معاونت سے ہوا۔ خیال رہے کہ گزشتہ 11 روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت 232 فلسطینی شہید، 1900 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار بے گھر ہوچکے ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے جنگ بندی کیلئے مصر کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس اور سرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد آگے بڑھنے کے حقیقی مواقع ملیں گے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کہا ہے کہ پاکستان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔ جنگ بندی فلسطین میں قیام امن کی طرف پہلا قدم ہے۔ یہ اجتماعی اور متحدہ عمل کی طاقت اور عالمی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

وزیر خارجہ کی سعودی ہم منصب کے ساتھ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات بھی ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلانے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت بھی کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران جاری کردہ مشترکہ بیان مسئلہ فلسطین پر دونوں برادر ممالک کے یکساں نکتہ نظر کا اعادہ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ اور فلسطینیوں پر بمباری قابل مذمت ہے۔ وزرائے خارجہ نے دونوں برادر ممالک کے دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔