وزیراعلیٰ پنجاب سے جہانگیر ترین گروپ کی ملاقات، عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار

وزیراعلیٰ پنجاب سے جہانگیر ترین گروپ کی ملاقات، عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار
کیپشن: وزیراعلیٰ پنجاب سے جہانگیر ترین گروپ کی ملاقات، عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار
سورس: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سے جہانگیر ترین گروپ نے ملاقات کی اور عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔ سعید اکبر نوانی کا کہنا تھا کہ ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔

عثمان بزدار سے ملاقات کے موقع پر سعید اکبر نوانی نے کہا کہ آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے، آپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، اپنے ایشوز کے حل کے لیے آئے ہیں، تحریک انصاف سے غیر مشروط وابستگی برقرار رہے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کے لیے کھلے ہیں، کبھی کسی سے ناانصافی کی، نہ کریں گے، انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔

جہانگیر ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں تھے اور پی ٹی آئی میں ہی رہیں گے، ہمیں امید ہے تمام مسائل حل ہوں گے، وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے جہانگیر ترین سے نا انصافی نہیں ہو گی اور علی ظفر پر بھی اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔

سعید اکبر نوانی کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا ہے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں، اپنے حلقے کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے نا انصافی نہیں ہوگی، انکوائری رپورٹ ہمارے خلاف بھی آئی تو قبول کریں گے، ہم چاہتے ہیں رپورٹ میں ناانصافی نہیں ہونی چاہیئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور ناراض پارٹی رہنما جہانگیر ترین گروپ کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے اور دونوں کے درمیان معاملات طے پا گئے۔ 

سینئر وفاقی وزرا نے جہانگیرترین سے رابطہ کیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت اور جہانگیرترین گروپ کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔ جہانگیرترین گروپ نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ جہانگیر ترین گروپ کے ہم خیال ارکان بجٹ میں حکومت کو ووٹ دیں گے۔ جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت سے متعلق تحفظات وفاقی وزرا کے سامنے رکھے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے پنجاب حکومت سے متعلق اعتراضات دور کیے جائیں گے۔