ملک بھر میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشنل کل سے شروع ہو گی

ملک بھر میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشنل کل سے شروع ہو گی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ 30 سال سے زائد عمر کے افراد کو کل سے ویکسین لگنا شروع ہو جائے گی اور اس مقصد کیلئے رجسٹریشن کرانے والوں کو آج سے ایس ایم ایس پیغامات ملنا شروع ہو جائیں گے۔ 
دوسری جانب عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث مزید 102 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد پاکستان میں مجموعی اموات کی تعداد 20 ہزار 89 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 461 ہو گئی ہے۔ 
این سی او سی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 70 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 32 ہزار، سندھ میں 3 لاکھ 4 ہزار 571، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 28 ہزار 561، بلوچستان میں 24 ہزار 318، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 454، اسلام آباد میں 80 ہزار 10 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 547 کیسز رپورٹ ہوئے۔
پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر صوبہ بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی معیاد 15 جون تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق مارکیٹیں صرف رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو کسی بھی طرح کے کاروبار پر پابندی رہے گی۔ 
اس کے علاوہ 24 مئی سے تمام ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو آؤٹ ڈور ڈائننگ کی بھی اجازت دیدی گئی ہے تاہم ڈائننگ پر پابندی برقرار رہے گی۔ حکومت نے کورونا کے پیش نظر شادی کی انڈور تقریبات اور مارکیز پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے البتہ یکم جون سے آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کرنے کی اجازت ہوگی لیکن صرف 150 افراد کی گنجائش کیساتھ شرط رکھی گئی ہے۔