آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد کا فیصلہ یکم جون کو کیا جائے گا

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد کا فیصلہ یکم جون کو کیا جائے گا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد سے متعلق فیصلہ یکم جون کو کیا جائے گا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث ایونٹ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کی وجہ سے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) منسوخ ہونے کے بعد سے ہی آئی سی سی کے ڈائریکٹرز صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں جو کسی بھی فیصلے سے پہلے ہر پہلو پر غور و فکر کرنے میں مصروف ہیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد کیلئے متبادل وینیو کے طور پر یو اے ای کی پوزیشن مستحکم ہے تاہم اس حوالے سے کسی بھی طرح کا فیصلہ یکم جون کو ہونے والی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں ہو گا جہاں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) حکام سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ 

واضح رہے کہ میگا ایونٹ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے اور ابتدائی طور پر 9 وینیوز کا انتخاب بھی کر لیا گیا تھا مگر کورونا کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقابلے یو اے ای میں کروائے جانے کا امکان ہے، معاملات کا جائزہ لینے کیلئے بی سی سی آئی کی خصوصی جنرل میٹنگ 29مئی کو طلب کی گئی ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے باعث جہاں آئی پی ایل منسوخ ہوئی تو وہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کو بھی منسوخ کرنا پڑا تھا جس کے بقیہ میچز اب جون میں یو اے ای میں کھیلے جائیں گے، اسی طرح ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیاءکپ بھی ملتوی کیا جا چکا ہے اور اب شائقین کرکٹ کی نظریں ٹی 20 ورلڈکپ سے متعلق فیصلے پر لگی ہیں۔