وفاقی حکومت نے مزید 89 ادویات کی قیمتیں کم کر دیں

وفاقی حکومت نے مزید 89 ادویات کی قیمتیں کم کر دیں
کیپشن: وفاقی حکومت نے مزید 89 ادویات کی قیمتیں کم کر دیں
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ حکومت نے 562 ادویات کی قیمتیں پہلے کم کی تھیں اور اب مزید 89 ادویات کی قیمتیں کم کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ بلڈ پریشر کی دوائی کی قیمت 600 سے کم کر کے 280 کر دی گئی ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران علی گوہر خان کے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ کچھ ادویات کی قیمت ڈرگ پالیسی کے تحت بڑھائی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اسی وجہ سے کیا گیا تھا کہ ادویات کے مینو فیکچررز کے لئے یہ ادویات بنانا ممکن نہیں تھا۔ حکومت نے 562 ادویات کی قیمتیں پہلے کم کی تھیں اب 89 ادویات کی قیمتیں مزید کم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بلڈ پریشر اور دیگر ادویات کی قیمتوں میں واضح کمی کی ہے۔ جب تک عدالت سے کسی کو مجرم قرار نہ دیا جائے اس وقت تک کسی رکن پر الزام عائد نہیں کیا جا سکتا۔

میر منور تالپور کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں، یہ ادویات باقاعدہ معیار کے مطابق چھان بین کے بعد خریدی جاتی ہیں۔