احسن اقبال کے خلاف نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ میں ریفرنس دائر

احسن اقبال کے خلاف نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ میں ریفرنس دائر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاحسن اقبال کے خلاف نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ میں مبینہ ناجائز اختیارات کے استعمال پر ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں نیب راولپنڈی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ڈی جی نیب راولپنڈی نے کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ احتساب عدالتوں میں جعلی اکاؤنٹس کے مقدمات کی تحقیقات کے بعد 14 ریفرنس دائر کئے اور جعلی بینکک اکاونٹس کیس میں 23 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی۔ 

نیب کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ احسن اقبال نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پاکستان سپورٹس بورڈ اور نیسپاک پر دباؤ ڈال کر توسیع کرائی اور یوں پراجیکٹ کی لاگت 3 کروڑ 47 لاکھ سے 2 ارب 99 کروڑ تک پہنچ گئی، احسن اقبال نے سپورٹس کمپلیکس کیلئے زمین کی نشاندہی بھی خود کی، اور خریدی گئی زمین کے خسرہ نمبر تک خود فراہم کئے۔ 

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں 23 ارب 85 کروڑ روپے کی ریکوری بھی ہے، یہ رقم سابق صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور حسین لوائی سمیت دیگر کے خلاف دائر ریفرنسز میں ریکور کی گئی ہے۔ 

چیئرمن نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب پر بلاجواز تنقید نہ کی جائے، بلاوجہ وہی تنقید کرتے جن کو نیب قانون کا علم ہی نہیں، نیب کے خلاف ایک منظم پرپیگنڈہ کیا جا رہا ہے ، ہم نے ہمیشہ اس عزم کا اعادہ کیا کہ مثبت تنقید کا خیرمقدم کریں گے۔