جنگ بندی کافی نہیں، اسرائیل کو فلسطین سے نکلنا ہو گا: چوہدری سرور

جنگ بندی کافی نہیں، اسرائیل کو فلسطین سے نکلنا ہو گا: چوہدری سرور
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے جنگ بندی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو فلسطین سے ناصرف نکلنا ہو گا بلکہ غیر قانونی آبادیاں بنانے، تشدد اور گرفتاریاں بھی ختم کرنا ہوں گی۔ 
تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی فلسطین پر جاری اپنے پیغام میں گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت سب فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ ہیں، جب تک مسئلہ فلسطین اور کشمیر حل نہیں ہوگا دنیا میں امن ایک خواب رہے گا، امریکہ کو اسرائیل نہیں انصاف اورا نسانیت کا ساتھ دینا چاہیے۔
چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اقوام متحدہ کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی، وزیراعظم پاکستان عمران خان فلسطینیوں کے سفیر بن کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ 
واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے مگر اسرائیل نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر شیلنگ کر دی جس کے نتیجے میں متعدد خواتین اور بچے زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل اور فلسطین کے درمیان 11 روز تک جاری رہنے والی جنگ میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے تھے تاہم گزشتہ روز اسرائیل فوج اور حماس کے درمیان مصر کی ثالثی کے بعد جنگ بندی ہو گئی تھی مگر صیہونی فوج نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر شیلنگ کی۔ 
خیال رہے کہ بین الاقوامی سطح پر 10 مئی سے جاری خون خرابے کو روکنے کیلئے دباؤکے بعد اس جنگ بندی کیلئے مصر نے مذاکرات کئے تھے جس میں غزہ کا دوسرا طاقتور عسکری گروہ اسلامی جہاد بھی شامل تھا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی سمجھوتے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے پاس ترقی کرنے کا حقیقی موقع ہے اور میں اس ضمن میں کام کرنے کیلئے پرعزم ہوں، اس کیساتھ ہی انہوں نے سمجھوتے کیلئے مصر کی کوششوں کو بھی سراہا۔