وہ دن جلد آئے گا جب فلسطینیوں کو اپنا ملک ملے گا، وزیراعظم عمران خان

وہ دن جلد آئے گا جب فلسطینیوں کو اپنا ملک ملے گا، وزیراعظم عمران خان
کیپشن: پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، وزیراعظم عمران خان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر سب کو سلام پیش کرتا ہوں اور قائد کے ویژن کے مطابق ہمیشہ سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یوم یکجہتی فلسطین پر قوم کے نام خصوصی پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فلسطینیوں سے بہت زیادہ نا انصافی ہو رہی ہے اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر سب کو سلام پیش کرتا ہوں جبکہ پاکستان نے ہر فورم پر فلسطینیوں کی حمایت کی اور اسرائیلی پولیس نے رمضان میں فلسطینیوں پر تشدد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ظالم اسرائیل فوج کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر بمباری کی گئی اور اسرائیلی بربریت سے درجنوں فلسطینی شہید ہوئے اور نظر آ رہا ہے کہ دنیا کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے موقف تبدیل ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔ پاکستانی قوم کی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلیوں میں بھرپور شرکت باعث مسرت ہے اور قوم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب سے اسرائیل بنا ہے پاکستان کا ایک ہی موقف رہا ہے اور قائد کے ویژن کے مطابق ہمیشہ سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت جلد آئے گا جب فلسطینیوں کو اپنا ملک ملے گا، اس طرح فلسطینی بھی برابر کے شہری بن کر رہ سکیں گے۔

گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام کی آواز خاموش نہیں کرائی جاسکتی۔

فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے معاملے پر جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے خون ریزی کا سلسلہ جاری ہے، لوگوں کی ایک تعداد جاں بحق ہوچکی ہے، شہریوں کی کھانا، پانی اور صحت کی سہولیات تک رسائی نہیں۔

خیال رہے کہ آج فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے چپے چپے میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

کراچی میں عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی، شہریوں نے فلسطین کے حق میں بینرز بھی اٹھا رکھے تھے اور نعرے بھی لگائے۔ مختلف تنظیموں اور سول سوسائٹی کے تحت نکلنے والی ریلیاں مختلف علاقوں سے شروع ہوکر پریس کلب پر جمع ہوگئيں۔

پشاور میں بھی بڑا عوامی اجتماع  ہوا اور جمعیت علمائے اسلام کے تحت احتجاجی مظاہرے میں عوام نے بھر پور شرکت کی جبکہ لاہور میں بھی تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مختلف اداروں کے تحت الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں۔

ملتان، رحیم یار خان، بہاول نگر، خیبر، بنوں، چار سدہ، نصیر آباد، مٹیاری میں بھی عوامی ریلیاں ہوئیں اور فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

لال حویلی میں عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہاکہ ایک نہ ایک دن مسئلہ کشمیر اور فلسطین ضرور حل ہوگا۔

آزاد کشمیر میں بھی فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گيا جس میں وزیرا‏عظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر اور ان کی کابینہ نے بھی شرکت کی۔ 

ریلیوں اور احتجاج میں مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے جبکہ اسرائیلی ظلم و بربریت پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔