پاکستان نے چین کی ہر چیلنج میں مدد کی ہے: فواد چوہدری

پاکستان نے چین کی ہر چیلنج میں مدد کی ہے: فواد چوہدری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے تعلقات سیاسی اور معاشی جہتوں سے کہیں آگے ہیں، پاکستان نے چین کی ہر چیلنج میں مدد کی ہے اور سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں چین نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا جبکہ پاکستان نے بھی چین کو ہر چیلنج میں مدد دی۔1950ءسے پاکستان اور چین سفارتی طور پر ایک دوسرے کے قریب ہیں، اسی دوران دونوں میں دفاعی تعاون کا آغاز بھی ہوا۔ 
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 1966ءیہی تعلقات سٹریٹجک تعلقات میں تبدیل ہوئے جبکہ 1972ءمیں یہ معاشی تعلقات میں بدلے، اب پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کا انتہائی جامع فریم ورک موجود ہے، ایک دوسرے سے محبت اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات پر فخر ہے، جس کی جڑیں عوام میں ہیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ سی پیک کا شاندار منصوبہ ایک دوسرے کے معاشی استحکام کی بنیاد ہے، یہ علاقے کیلئے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے ناصرف پاکستان میں خوشحالی آئے گی بلکہ پورے خطے کو اس کے ثمرات سے فائدہ پہنچے گا۔