وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی 

وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی 

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان لانگ مارچ سے قبل ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی صورت بھی قبل از وقت الیکشن نہیں کروائے جائینگے ،پاکستان پیپلزپارٹی اور دیگر اتحادی جماعتیں ہر مشکل فیصلے میں حکومت کیساتھ کھڑی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے لانگ مارچ سے قبل وزیر اعظم شہبا زشریف اور آصف زرداری کی اہم ملاقا ت ہوئی جس میں آصف زرداری نے واضح الفاظ میں کہا کہ پیپلزپارٹی اور دیگر اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ،پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں پر دونوں رہنمائوں نے کہا کہ لانگ مارچ یا جلسوں سے نہیں گھبراتے ،ہمیں ملک کی فکر ہے ۔

ملاقات میں دونوں رہنمائوں کی طر ف سے کہا گیا کہ عمران خان آج جلسے جلوس کر رہا ہے ہمیں ایسا کرتے دہائیاں ہو گئیں ہیں ،آصف زرداری نے کہا قوم کو بتائیں گے کہ سلیکٹیڈ حکومت نے قوم کو کہاں لاکھڑا کردیا، انہوں نے کہا اس مشکل معاشی صورتحا ل میں پی پی اور تمام دیگر اتحادی پارٹیاں حکومت کا ساتھ دینگی ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا قبل از وقت الیکشن کیلئے بھی تیار ہیں مگر یہ قومی خزانے پر بہت بھاری بوجھ ہو گا ،ملکی معیشت کو اپنی بہتر پالیسیوں سے بہتر بنانے کیلئے دن رات کوشش کر رہے ہیں ،وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ سعودی عرب،قطر اور امارات سمیت عالمی قیادت سے بات چیت بارے اعتماد میں لیا۔

آصف زرداری نے کہا آج عمران خان کو یہ پوچھتا نظر آ رہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا ،تو ہم بتا نا چاہتے ہیں اس ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کیلئے ہی ہم نے عمران خان سے چھٹکارا حاصل کیا ،انہوں نے کہا ہم نے ملکر سابقہ حکومت کو گھر بھیجا تاکہ ملک ڈیفالٹ نہ کر جائے۔

دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث روپے کی قدر میں مسلسل کمی اورآئی ایم ایف میں مضبوط دلائل پر کیس نہیں لڑا گیا،سابقہ حکومت کی کمٹمنٹ کے باعث پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں  میں اضافہ ناگزیر ہے۔