حلب کے مشرقی حصے پر بمباری ،ماں بچے سمیت 21 افراد ہلاک

حلب کے مشرقی حصے پر بمباری ،ماں بچے سمیت 21 افراد ہلاک

حلب: شام کے شمالی شہر حلب کے مشرقی حصے پر فضائی بمباری اور گولہ باری سے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک ماں اور اس کے بچے سمیت اکیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ مشرقی حلب کے ایک علاقے مساکن حانانو میں ایک مکان پر بم گرا ہے جس سے ایک خاتون اور اس کا بچہ مارا گیا ہے۔ قبل ازیں اسی علاقے میں رات سے شدید گولہ باری اور فضائی حملوں میں انیس افراد مارے گئے ہیں۔ مشرقی حلب کے ارد گرد فتح الشام کے حمایت یافتہ باغی گروپوں اور شامی صدر بشارالاسد کی وفادار فورسز کے درمیان خونریز جھڑپیں جاری ہیں اور وہ ایک دوسرے پر گولہ باری کررہے ہیں۔

شامی کارکنان کے مطابق شامی فوج یا روس کے لڑاکا طیارے حلب کے علاقوں فردوس اور دیر حفیر پر فضائی بمباری کررہے ہیں۔ مشرقی حلب میں روس کے فضائی حملوں کے بعد صورت حال انتہائی ناگفتہ بہ ہوچکی ہے۔ ہسپتالوں کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوچکا ہے اور اس وقت کوئی بھی اسپتال مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں مہیا کرنے کے قابل نہیں رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق مشرقی حلب میں مقیم قریباً ڈھائی لاکھ افراد کو علاج معالجے کی خدمات مہیا کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

مصنف کے بارے میں