رانا ثنا اللہ نے دھرنے والوں کو اسلام آباد بھیجا وہ بڑا ماسٹر مائنڈ ہے:شیخ رشید

اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سمیت حکومت کے اتحادی جلد نواز شریف کا ساتھ چھوڑ دیں گے۔


تفصیلات کے مطابق  عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےپارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد اور وزیر مملکت انوشہ رحمن سے فوری طور پر استعفیٰ لیا جائے تو بہتر ہوگا۔یہ حکومت کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سے رانا ثنا اللہ نے دھرنے والوں کو اسلام آباد بھیجا وہ بڑا ماسٹر مائنڈ ہے۔ پنجاب حکومت کو بچانے کے لئے مرکز کی طرف قافلہ روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو حکومت اہم بل ایوان میں پاس کرانا چاہتی ہے جو مسلم لیگ ن کے ممبر ایوان میں آئیں گے وہی نواز شریف کے ساتھ ہوں گے۔ جو غیر حاضر ہوں گے وہ ساتھ نہیں ہوں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی حکومت کا حصہ ہیں۔فضل الرحمن بھی حکومت کا حصہ ہیں جو بہت جلد حکومت چھوڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے قانون کے حوالے سے حکومت نے جو بویا وہ خود کاٹے گی۔