قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے مسترد

قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے مسترد

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی جانب سے نااہل شخص کو پارٹی سربراہی سے روکنے کے لیے پیش کیا گیا الیکشن ایکٹ ترمیمی بل مسترد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پیپلز پارٹی نے الیکشن ایکٹ 2017 کے آرٹیکل 203 میں ترمیم کا بل پیش کیا جس کے تحت نااہل شخص کسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکتا۔ پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوید قمر نے بل پیش کیا جس میں کہا گیا کہ ایک شخص جب تک پارٹی کا سربراہ نہیں ہوسکتا جب تک وہ خود ممبر اسمبلی بننے کا اہل نہ ہو، نا اہل شخص باہربیٹھ کر سربراہ کے طور پر پالیسی ڈکٹیٹ کرےتو مناسب نہیں۔
اسپیکر ایاز صادق نے گنتی کا حکم دیا جس کے بعد بل کی مخالفت اور حمایت کرنے والے اراکین کو کھڑے ہو کر گنتی کی گئی۔رائے شماری کے مطابق 98 ووٹ بل کے حق میں آئے اور 163 اراکین نے اس بل کی مخالفت کردی جبکہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن میر ظفراللہ جمالی نے بل کی مخالفت نہیں کی۔