سبزہیلمٹ پہننے پر امام الحق کو وارننگ جاری

سبزہیلمٹ پہننے پر امام الحق کو وارننگ جاری

لاہور: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کرکٹر امام الحق کومیچ ریفری نے وارننگ دیدی۔
راولپنڈی میں جاری ایونٹ میں میچ ریفری اقبال شیخ نے امام الحق کو اپنی ٹیم لاہور وائٹس کے مخصوص رنگ کے بجائے سبزہیلمٹ پہن کر بیٹنگ کیلئے آنے پر وارننگ جاری کی، ریفری نے اوپنرکے اچھے ٹریک ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے جرمانہ یا پابندی عائدکرنے کے بجائے تنبیہ کرکے چھوڑدیا ہے، امام الحق نے بھی میچ ریفری کو ضابطہ اخلاق کی پابندی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یاد رہے کہ امام الحق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے ہیں،سری لنکا کے خلاف یو اے ای میں شیڈول سیریزکے دوران انھیں منتخب کرنے پرانضمام کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا،البتہ اوپنر نے پہلے ہی میچ میں غیر معمولی کارکردگی دکھاکراپنا انتخاب درست ثابت کر دکھایا تھا۔