ادارہ میگا کرپشن کی قانون کے مطابق تحقیقات کر رہا ہے، چیئرمین نیب

ادارہ میگا کرپشن کی قانون کے مطابق تحقیقات کر رہا ہے، چیئرمین نیب
کیپشن: نیب نے اشتہاریوں اور مفروروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دیں، چیئرمین نیب۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ قومی فریضہ بلکہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے بدعنوانی کو جڑ سے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی اور نیب افسران بلا امتیاز بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے اشتہاریوں اور مفروروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دیں اور ادارہ میگا کرپشن کی قانون کے مطابق تحقیقات کر رہا ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں میں نیب جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے رول ماڈل ہے۔ نیب نے اپنی جدید فارنزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے جس سے شواہد کی بنا پر اہم کیسز منطقی انجام تک پہنچنے میں مدد مل رہی ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے اور بدعنوانی کے شعبے میں تعاون کے لیے چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔