جشن عید میلاد النبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

 جشن عید میلاد النبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
کیپشن: فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

 ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔


جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جائیں گے جب کہ  ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے ، کوچے، بازار، چوراہے برقی قمقموں سے منورکیے گئے ہیں اور ہر سو سبز پرچموں کی بہار ہے، اس کے علاوہ ملک بھر کی تمام اہم سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں، مارکیٹوں اور بازاروں کو خوبصورتی سے سجایا گیاہے۔

جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔

عید میلادالنبی ﷺ کو مسلم امہ نہایت عقیدت و احترام سے مناتی ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس موقع پر اپنے پیارے نبی ﷺ کی سیرت مبارکہ پر چلنے کا عہد کرتے ہیں۔ حضور پرنورﷺ نے مسلمانوں کو محبت، بھائی چارے، اخوت، عفوودرگزر کا درس دیا۔

عید میلادالنبی ﷺ مناتے ہوئے آنحضورؐ سے محبت کے اظہار کے ساتھ اسوۂ حسنہ کی پیروی کرنے کے عزم کا اعادہ بھی ضروری ہے، آج مسلم امہ جس زبوں حالی کا شکار ہے اس کا ایک سبب اسلامی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ سے دوری بھی ہے۔

طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کی قوت کا شیرازہ بکھیرنے کے لیے متحرک ہیں، اسلامی مملکتوں کو باہمی تنازعات اور تفرقوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کی اجتماعی بھلائی کے لیے اﷲ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنا ہوگا۔