نسیم شاہ ٹیسٹ کیپ لیتے ہوئے رو پڑے

نسیم شاہ ٹیسٹ کیپ لیتے ہوئے رو پڑے

برسبین: قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔


برسبین کے گابا سٹیڈیم میں قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے نسیم شاہ کو ٹیسٹ کیپ پہنائی جسے پہنتے ہوئے انہیں روتے دیکھا گیا۔یاد رہے کہ آسٹریلیا اے کے خلاف پریکٹس میچ کے پہلے روز ہی نسیم شاہ کی والدہ فوت ہوئی تھیں تاہم انہوں نے وطن واپس نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اپنا پہلا میچ 16 سال 279 دن کی عمر میں کھیل رہے ہیں۔

نسیم شاہ سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے آئین کریگ کے پاس تھا، انہوں نے 17 سال 239 دن کی عمر میں آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کیا تھا۔اس کے علاوہ نسیم شاہ آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ کھیلنے والے بھی سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے ہیں۔

نسیم شاہ سے قبل پاکستان کے ہی عاقب جاوید نے 17 سال 160 دن کی عمر میں میلبورن ٹیسٹ کھیلا تھا۔نسیم شاہ اپنی سترہویں سالگرہ سے قبل ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ساتویں پاکستانی ہیں۔ ان سے قبل حسن رضا، مشتاق محمد، عاقب جاوید، آفتاب بلوچ، نسیم الغنی اور خالد حسن بھی 17 ویں سالگرہ سے قبل ٹیسٹ ڈیبیو کر چکے ہیں۔