عوامی تحفظ کے معاملے پر اپوزیشن غیر ذمہ دارانہ سیاست کر رہی ہے، وزیراعظم

Pakistan,PM,Imran Khan,PTI,PDM,Peshwar Jalsa
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے عوامی تحفظ کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ سیاست کی جا رہی ہے اور ایسے وقت میں جلسے کرنے پر بضد ہے کہ جب ملک میں وبا پھیل رہی ہے۔ 

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے ارکان سخت لاک ڈاون چاہتے تھے اور تنقید بھی کرتے تھے لیکن اب یہ لوگ عدالتی احکامات کی بھی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا ملک بھر میں وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے کیسز بڑھ رہے ہیں اور یہ جلسہ منعقد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

54e1913ce36de6a09a8a0321d4a73736

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے 42 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد سات ہزار 603 ہو گئی ہے ۔ پاکستان میں عالمی وبا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد تین لاکھ 71 ہزار 508 ہو چکی ہے۔ 

اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما اور سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ میں حکومت کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پی ڈی ایم کے جو کارکنان جلسے میں آ رہے ہوں گے اگر ان کو روکا گیا تو پھر وہیں پر دھرنا شروع کر دیں گے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہمارے جلسوں میں رکاوٹ ڈال کر حکومت تصادم کی طرف جانا چاہتی ہے لیکن ہم یہ سب کچھ نہیں چاہتے کیونکہ اس سے پہلے بھی ہم نے 15 ملین مارچ کئے ایک گملہ نہیں ٹوٹا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کل پشاور میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود بھی پی ڈی ایم کی طرف سے پنڈال سجانے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔