پنجاب حکومت نے لاہور کی انتظامی تقسیم کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا

Pakistan,Lahore,Usman Buzadar,Punjab Government
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے طے کیا ہے کہ لاہور کو بھی ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی طرز پر اضلاع میں تقسیم کر دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور کو اضلاع میں تقسیم کی تجویز دی گئی۔

اجلاس کے دوران تجویز میں دی گئی کہ لاہور کی گورننس بہتر کرنے کے لیے ضروری ہو گیا ہے کہ اسے انتظامی لحاظ سے 4 اضلاع میں تقسیم کیا جائے۔

وزیراعلیٰ عثمان پنجاب نے اجلاس کے دوران پیش کی جانے والی اس تجویز کی مکمل طور پر حمایت کی اور اس پر عملی اقدامات کے لیے مکمل ایکشن پلان بھی مانگ لیا۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایک اور اہم اجلاس ہو گا جس میں لاہور کی اضلاع کی طرز پر تقسیم کی تجویز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ لاہور پاکستان کے صوبہ پنجاب کا آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ضلع ہے۔ اس کا مرکزی شہر لاہور ہے جو پنجاب کا دارالحکومت ہے۔ اسے انتظامی طور پر دو بڑی تحصیلوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جن میں تحصیل لاہور شہر اور صدر ہیں۔