کراچی کے 5 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ، نوٹیفکیشن جاری

Pakistan,Karachi,lockdown,Covid-19
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: عالمی وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر کراچی کے پانچ اضلاع میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاون نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ 

گزشتہ روز کمشنر کراچی نے فیصلہ کیا تھا کہ ایسے علاقے جہاں وبا کے مریض ہوں گے وہاں صورتحال دیکھ کر کہیں اسمارٹ تو کہیں مائیکرو لاک ڈاون لگایا جائے گا۔ 

فیصلے کے تحت ضلع شرقی، وسطی، جنوبی ، غربی، اور کورنگی کے ڈپٹی کمشنرز نے سمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا اور اس کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے پانچ دسمبر تک ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ان علاقوں میں آنے اور جانے والے افراد کیلئے ماسک پہننا لازمی ہو گا اور لوگوں کی نقل و حرکت کو بھی محدود رکھا جائے گا۔ 

لاک ڈاؤن کے دوران کریانہ کی دکانیں، میڈیکل سٹورز اور دیگر روزہ مرہ کی ضروری اشیا کی دکانیں مخصوص اوقات میں کھولی جائیں گی جبکہ ہوم ڈلیوری بھی اجازت نہیں ہو گی۔ 

اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن والے علاقوں میں صنعتی اور تجارتی مراکز کو بھی بند رکھا جائے گا اور ایک فرد کو کھانے پینے کی اشیا کی خریداری کی مشروط اجازت ہو گی اور اس کے لئے پولیس کو شناختی کارڈ بھی دکھانا ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پاپندی کے دورانیے کے دوران گھروں میں کسی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں ہو گی اور علاقہ مکینوں سے ملنے کے لئے آنے والوں کو بھی ٹھوس وجہ بنانا ہو گی ۔