مغرب پر اعتماد سب سے بڑی غلطی تھی،روسی صدر

مغرب پر اعتماد سب سے بڑی غلطی تھی،روسی صدر

سوچی : روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغرب پر اعتماد کو روس کی سب سے بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب نے بھی روسی اعتماد کو کمزوری سمجھ کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سوچی شہر میں ہونے والے والدائی ڈسکشن کلب میں دنیا کے 33 ملکوں کے136 ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی دنیا کے بارے میں اپنے ملک کی پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔

صدر پیوٹن نے کا کہنا تھا کہ مغرب پر حد سے زیادہ اعتماد کرنا گزشتہ 15 برس کے دوران روس کی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی غلطی تھی تاہم انہوں نے کہا کہ مغرب نے بھی روسی اعتماد کو کمزوری سمجھ کر اس سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، جو مغرب کی بہت بڑی غلطی ہے۔

روسی صدر نے واضح الفاظ میں کہا کہ ان غلطیوں کی اصلاح ہونا چاہیے اور فریقین کے درمیان تعلقات کو باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر استوار کئے جانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے رشیافوبیا، روسی سفارت خانوں کی بندش اور روسی پرچم اتارے جانے کو روس اور یورپ کے درمیان تعلقات میں پائی جانے والی روکاوٹیں قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے جس کے لیے ماہرین کی رائے درکار ہے اور اس فورم میں میری شرکت کا مقصد بھی یہی ہے۔