سب سے پہلے میں اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں : سراج الحق

سب سے پہلے میں اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں : سراج الحق


لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پوری سیاسی قیادت کے احتساب کی ضرورت ہے۔سب سے پہلے میں اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتاہوں۔


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن سے پہلے سب کا حقیقی احتساب ہوتاکہ لٹیروں کے ٹولے سے مستقل نجات مل سکے ۔ نوازشریف اور زرداری اسٹیٹس کو کے نظام کی پیدوار ہیں ، جنہوں نے ملک کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دیے ۔ میں ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے خلاف سر بکف ہو کر میدان میں نکلا ہوں تاکہ قوم کو اسٹیٹس کو کی ان قوتوں کے ظلم و جبر کے نظام سے آزادی مل سکے ۔ عوام ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ قرآن و سنت کا عدل و انصاف پر مبنی نظام ہی ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتاہے ۔


سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ختم نبوت کے خلاف سازش کی ۔ پنجاب کے وزیر قانون نے قادیانیوں کو بھی مسلمان قرار دیا ۔ نوازشریف نے کہاتھاکہ یہ مسلم لیگ کی پالیسی نہیں۔ اگر مسلم لیگ کی یہ پالیسی نہیں تھی تو تین ہفتے گزرجانے کے باوجود راجہ ظفر الحق کی صدارت میں بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ سامنے کیوں نہیں آئی اور حکومت نے اب تک ختم نبوت میں نقب لگانے کی سازش کرنے والوں کو بے نقاب کر کے انہیں سزا کیوں نہیں دی ۔ حکومت نبی مہربان ؐ اور قوم کے مجرموں کی سرپرستی کر رہی ہے اور ابھی تک ان کے ساتھ لاتعلقی کا اعلان نہیں کیا گیا ۔


سراج الحق نے مزید کہا کہ نوازشریف قادیانیوں کے بارے میں خود اسی قسم کے خیالات کا اظہار کر چکے ہیں ۔ یہ پاکستان کو سیکولر اور لبرل بنانے کے لیے نظریاتی کرپشن کرتے رہے اور واجپائی اور مودی جیسے دشمنوں کو پاکستان کے دوست قرار دیتے رہے ۔ حکمرانوں نے بھارت کے ساتھ دوستی کر کے کشمیر کاز سے بے وفائی اور غدای کی ۔ مودی پاکستان میں تخریب کاری کے لیے کلبھوشن بھیجتا رہا اور ہمارے حکمران انہیں میٹھے آموں کے تحائف دیتے رہے ۔