ٹریفک پولیس کو حکم دیتا ہوں، غریبوں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیں،  کراچی پولیس چیف

 ٹریفک پولیس کو حکم دیتا ہوں، غریبوں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیں،  کراچی پولیس چیف

 کراچی: کراچی پولیس چیف امیر شیخ کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کو حکم دیتا ہوں کہ جو غریب ہوں ان کو وارننگ دے کر چھوڑ دیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے سول اسپتال کے برنس وارڈ  میں گزشتہ روز خودکشی کی کوشش کرنے والے رکشا ڈرائیور کی عیادت کی اور امدادی رقم کا چیک پیش کیا تاہم رکشا ڈرائیور اور اس کے اہل خانہ نے امدادی رقم لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مدد نہیں انصاف چاہیے۔

اس موقع پر  گفتگو میں کراچی پولیس چیف امیر شیخ کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کو حکم دیتا ہوں کہ جو غریب ہوں ان کو وارننگ دے کر چھوڑ دیں، ایک ہفتے تک غلط سمت سے آنے والوں کے علاوہ چالان نہ کیے جائیں، ٹریفک پولیس غریبوں کو تنگ نہ کرے اور رکشے والوں کا دن میں ایک چالان کیا جائے جب کہ عوام سے درخواست ہے کہ پولیس کے ساتھ تعاون کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شارع فیصل پر رکشا ڈرائیور نے ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے رشوت خوری کے خلاف خود کو آگ لگالی تھی۔