کراچی میں قومی اورصوبائی کی دونوں نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار آگے

کراچی میں قومی اورصوبائی کی دونوں نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار آگے

کراچی: شہر قائد میں قومی اور سندھ اسمبلی کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق این اے247 کراچی کے ابتدائی غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی 1443 ووٹ لے کر آگے جب کہ ایم کیو ایم کے صادق افتخار 863 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ 247 اور سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 111 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔

مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کردیے گئے اور ووٹرز سمیت غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا جب کہ پریزائڈنگ افسران اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

عام انتخابات میں یہ دونوں نشستیں تحریک انصاف نے جیتی تھیں۔ این اے 247 سے پی ٹی آئی کے عارف علوی جب کہ پی ایس 111 سے عمران اسماعیل کامیاب ہوئے تھے۔ یہ نشستیں عارف علوی کے صدرمملکت منتخب جب کہ عمران اسماعیل کے گورنر سندھ مقرر ہونے کے باعث خالی ہوئی تھیں۔

این اے 247
قومی اسمبلی کے حلقے این اے247 پر پی ٹی آئی کے امیدوار آفتاب صدیقی، ایم کیوایم کے صادق افتخار،  پیپلزپارٹی کے قیصر نظامانی اور پی ایس پی کے ارشد وہرہ  سمیت 12 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔  این اے 247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 ہے جب کہ حلقے بھر میں  240 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

پی ایس 111
سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار 965 ہے، اس نشست پر تحریک انصاف کے شہزاد قریشی، ایم کیو ایم کے جہانزیب مغل،  پیپلز پارٹی کے فیاض پیرزادہ اور آزاد امیدوار جبران ناصر سمیت 16 امیدوار میدان میں ہیں۔ پی ایس 111 کے لیے 80 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔