چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹی 20 اور ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹی 20 اور ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا

لاہور : قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے دورہ آسٹریلیا کے لئے ٹی 20 اور ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ٹیم کی قیادت بابراعظم کو سونپی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان وکٹ کیپر، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد نواز، محمد رضوان، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا میں سیریز ہمیشہ بڑی اہم ہوتی ہے اور آسٹریلیا و انگلینڈ میں کارکردگی کو دنیا مانتی ہے اس لئے ہماری خواہش ہے کہ کھلاڑی اچھا کھیلیں۔ آسٹریلیا کو ہرانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آپ جارحانہ کرکٹ کھیلیں، ہماری سٹریٹجی بھی یہی ہے اور ٹیم کے انتخاب میں یہ چیز ذہن میں رکھی ہے کہ ٹیم میں ایسے سرپرائز پیکیج رکھیں جو آسٹریلیا کو چیلنج کر سکیں،اور جیت کر آئیں۔

انہوں نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرفراز کو کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹایا گیا ،وہ پرفارم کرے گا تو ٹیم میں واپس آجائے گا۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کے خلاف کوئی سازش نہیں ہورہی جبکہ کپتان کا فیصلہ چیئرمین پی سی بی کا ہوتا ہے،چیئرمین پی سی بی نے پہلے بھی کہا کہ کارکردگی دکھانا ہوگی،سرفراز کے معاملے پر میری چیئرمین پی سی بی اور وسیم خان سے بات ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ٹی 20 میں ایسے بیٹسمینوں کی ضرورت ہے جو 140 کی سپیڈ سے کھیلیں جبکہ شرجیل خان جب کھیلے گا تو پھر اس کامعاملہ دیکھیں گے۔

شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ٹی 20ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ محمد حسنین کو آہستہ آہستہ آگے بڑھائیں گے جبکہ ڈومیسٹک میں فخر اور آصف کے علاوہ کوئی ایسا پلیئر نہیں جو جارحانہ کھیلتا ہو۔