پاکستان کیلئے عظیم خوشخبری، ہم درست سمت چل نکلے: وزیراعظم کا معاشی صورتحال پر ٹویٹ

پاکستان کیلئے عظیم خوشخبری، ہم درست سمت چل نکلے: وزیراعظم کا معاشی صورتحال پر ٹویٹ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معاشی بہتری بارے قوم کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ بالاخر ہم درست سمت میں چل نکلے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں وزیراظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماہِ ستمبر میں 73 ملین ڈالر کے سرپلس کیساتھ کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کیلئے 792 ملین ڈالر سرپلس ہو گیا جسے گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 1492 ملین ڈالر خسارے کا سامنا تھا۔ گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات 29 فیصد بڑھیں جبکہ ترسیلاتِ زر میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔

وزیراعظم پاکستان گاہے بگاہے ملک کی معاشی صورتحال اور اس کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے قوم کو آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ 15 اکتوبر کو کئے گئے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ مرکزی بینک کی متعارف کردہ سہولت روشنی ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے سمندر پار پاکستانیوں کے مستفید ہونے پر نہایت مسرت محسوس کر رہا ہوں۔ آج تک 21 ہزار سے زائد اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں جن سے 24 ملین ڈالر موصول ہوئے۔ اکاؤنٹس کی تعداد اور موصول شدہ سرمائے کا حجم روز بروز بڑھ رہا ہے۔

86a894a37c79a91489fd53821df34c66

دوسری جانب خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو اشیا ضروریہ کی وافر مقدار میں فراہمی اور منظور شدہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔

وہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب میں بنیادی اشیا ئےضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا شبلی فراز، سید فخر امام، مشیر شہزاد اکبر، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزداد، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، مشیر وزیراعلی ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پولیس، صوبائی وزارتوں بشمول زراعت، صنعت، اطلاعات، خزانہ، بلدیات، خوراک کے سیکریٹری صاحبان، کین کمشنر، ڈائریکٹر فوڈ، کمشنر لاہور اور سینئیر افسران شرکت کی۔

وزیراعظم کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں سہولت بازار قائم کیے جارہے ہیں جن میں کم قیمت پر اشیا فراہم کی جائیں گی۔ فورکاسٹنگ سیل اشیا کی طلب کو مسلسل مرتب کرتا ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی مانیٹرنگ سیکریٹریز اورضلعی انتظامیہ کرے گی جن کی معاونت ٹائیگر فورس بھی کرے گی۔ چیف سیکرٹری نے یقین دہانی کرائی کہ صوبہ میں گندم اور آٹے کی قلت نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیر سید فخر امام نے بتایا کہ پنجاب کی آبادی کو ملحوظ خاطر رکھ کر گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ درآمد شدہ گندم میں پنجاب کو اب تک 57,000 ٹن مل چکی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ گندم اور اشیا ئے ضروریہ کی خریداری کو منصوبہ بندی کے تحت یقینی بنایا جائے تاکہ کمی اور مہنگائی کی صورتحال پیدا نہ ہو۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور کاشت کاروں کو پیداوار بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو مہنگائی کی وجہ سے تکلیف مجھے سب سے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو خدا تعالیٰ نے ہر قسم کے وسائل سے نوازا ہے۔ ان وسائل کا فلاح عامہ کے لیے استعمال حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ وزیر اعظم نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ عوام کو اشیا ضروریہ کی وافر مقدار میں فراہمی اور منظور شدہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔