محمد بن سلمان پر قتل کا الزام، خدیجے چنگیز نے مقدمہ دائر کر دیا

محمد بن سلمان پر قتل کا الزام، خدیجے چنگیز نے مقدمہ دائر کر دیا
کیپشن: file photo

واشنگٹن ڈی: سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجے چنگیز نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پر جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں مقدمہ دائر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں دائر کیے گئے اس مقدمے میں ترک شہری خدیجے چنگیز نے جمال خاشقجی کی موت پر ذاتی چوٹ اور مالی نقصان کا دعویٰ کیا ہے۔ جبکہ محمد بن سلمان نے جمال خاشقجی کے قتل کا حکم دینے کے الزامات کی تردید کی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت کے ناقد خاشقجی کو ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے کے اندر 2018 میں قتل کیا گیا تھا۔

مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ جمال خاشقجی کو ’محمد بن سلمان کی ہدایت کے مطابق‘ قتل کیا گیا تھا۔

خدیجے چنگیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمال کا خیال تھا کہ امریکہ میں کچھ بھی ممکن ہے اور میں انصاف اور احتساب کے حصول کے لیے امریکہ کے نظام عدل پر اعتماد کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ جمال خاشقجی دو ہزار سترہ میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کر کے امریکہ چلے گئے تھے۔ انھیں دو اکتوبر 2018 کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کیا گیا تھا جہاں وہ اپنی منگیتر کے ساتھ اپنی دوسری شادی سے پہلے ضروری کاغذی کارروائی کے لیے گئے تھے۔

تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ جب خدیجے چنگیز سفارت خانے کے باہر انتظار کر رہی تھیں تو اندر جمال خاشقجی کا قتل کر کے ان کے جسم کے ٹکڑے کیے جا رہے تھے۔ خاشقجی کی باقیات کبھی نہیں ملیں۔

سعودی حکام نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ وہ عمارت سے زندہ نکل گئے تھے اور ان کی گمشدگی کے بعد کئی بار یہ بیان بدلا۔

جمال خاشقجی اپنی موت سے قبل واشنگٹن پوسٹ اخبار کے لیے لکھتے تھے اور امریکہ میں رہائش پذیر تھے۔