شاہد آفریدی کی شادی کی 20ویں سالگرہ،تصاویر وائرل

شاہد آفریدی کی شادی کی 20ویں سالگرہ،تصاویر وائرل

کراچی :پاکستان ٹی 20کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کی شادی کو 20سال مکمل ہوگئے اور ان کے اپنی اہلیہ نادیہ شاہد کے ساتھ سالگرہ منانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی شادی کو 20 سال مکمل ہوگئے، شادی کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر کرکٹر نے اہلیہ نادیہ شاہد کے ہمراہ خوبصورت تصویریں شیئر کیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’آج ہماری ازدواجی زندگی کے خوبصورت 20 سال مکمل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہاکہ دیکھ بھال کرنے والی، سمجھدار اور حیرت انگیز شریک حیات ثابت ہونے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں۔سابق کپتان نے بتایا کہ آج شادی کی سالگرہ بھول جانے کے باوجود اہلیہ نے مجھے معاف کردیا جو ان کی بہت سی بہترین خصوصیات میں سے ایک ہے۔کرکٹر نے اہلیہ کو ٹیگ کرتے ہوئے شادی کی سالگرہ کی مبارکباد دی اور خوبصورت تصویریں بھی شیئر کیں جس میں دونوں کو گلدستہ تھامے دیکھا جاسکتا ہے اور جوڑی 20ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹ رہی ہے۔‘

217115e49932141658783201a132f1e6

نادیہ شاہد نے شوہر کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے خوش مزاجی کا مظاہرہ کیا اور لکھا کہ ’وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ آپ کو ہر چیز یاد دلانا پڑتی ہے، اچھا شوہر، بہترین دوست اور مجموعی طور پر ایک حیرت انگیز انسان کو شادی کی سالگرہ مبارک ہو۔‘

8dd011e9667077b209196b7c1ba6f971

سابق کپتان شاہد آفریدی کی اس خوشی میں مداح بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، ناصرف عام مداح بلکہ مشہور و معروف شخصیات بھی شاہد آفریدی کو مبارکباد دینے میں پیش پیش ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین محمد حفیظ، اداکار فیصل قریشی، وہاب ریاض، حسن علی اور دیگر شاہد آفریدی کو مبارکباد دینے والوں میں شامل ہیں۔

cf80adb008bee0845497163e53b84ae9

واضح رہے کہ کرکٹر شاہد آفریدی کی شادی نادیہ شاہد سے سال 2000 میں ہوئی تھی، ان کی پانچ بیٹیاں اقصیٰ، عنشہ، اجوا، اسمارہ اور عروہ ہیں۔شاہد آفریدی رواں برس پانچویں بیٹی عروہ کے والد بنے تھے۔ شاہد آفریدی نے اپنی خوشی مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے اپنی بیٹی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔