سینٹ کا پاکستان کے نقشے سے کشمیر غائب کرنے پر نوٹس

سینٹ کا پاکستان کے نقشے سے کشمیر غائب کرنے پر نوٹس


اسلام آ باد:  سینیٹ نے پاکستانی ویب سائٹ سے تاحال پاکستان کا متنازعہ نقشہ نہ ہٹائے جانے پر ایکشن لیتے ہوئے ایف بی آر کے حکام کو طلب کر لیا۔ یہ نقشہ پی ٹی وی کے ایک شو میں دکھایا گیا تھا جہاں پر کشمیر کو پاکستان کا حصہ نہیں دکھایا گیا تھا۔


سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات  کا اجلاس کمیٹی چیئر مین  سینیٹر فیصل جاوید کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام میں ملک کے متنازعہ نقشہ دیکھانے کے حوالے سے معاملہ پر غور کیا گیا،چیئر مین کمیٹی  سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ اس معاملہ پر اتنی زیادہ بحث کی گئی ہے لیکن جس ویب سائٹ سے یہ نقشہ اٹھایا گیا تھا ، وہاں پر یہ اب تک مو جود ہے۔

سینٹ نے پی ٹی وی کے پروگرام میں دکھایا جانے والا متنازعہ نقشہ  اب  تک ویب سائٹ  سے نہ ہٹانے کے معاملہ پر  حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے  ایف بی آ ر کے  حکام کو آئندہ اجلاس میں  طلب کر لیا۔


وزارت اطلاعات کے حکام نے کہا کہ اب حکومت نے سرکاری نقشہ جاری کیا ہے اس کے علاوہ کوئی نقشہ استعمال کرنا غیر قانونی ہے۔ پی ٹی وی کے حکام نے بتایا کہ  متنازعہ نقشہ ایف بی آ ر کا سافٹ وئیر  بنانے والی کمپنی پرال کی ویب سائٹ پر موجو د ہے، ان سے معاملہ پر رابطہ کرنے کے لئے وقت مانگا تو انہوں نے ملنے سے انکار کردیا،  معاملہ میں ملوث 2ملا زمین کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے ،کمیٹی نے  آئندہ اجلاس میں ایف بی آ ر کے حکام کو اب تک ویب سائٹ سے نقشہ نہ  ہٹانے کے معاملہ پر جواب کے لئے طلب کرلیا۔