ایسا کبھی نہیں کہا کہ ورلڈکپ جیتنے پر شادی کروں گا، راشد خان کی وضاحت

ایسا کبھی نہیں کہا کہ ورلڈکپ جیتنے پر شادی کروں گا، راشد خان کی وضاحت
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نوجوان سپنر راشد خان نے اپنی شادی سے متعلق بیان پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ایسا کبھی نہیں کہا کہ افغانستان ورلڈکپ جیتے گا تو شادی کروں گا، تاہم فی الحال شادی کا کوئی ارادہ بھی نہیں ہے۔ 
فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے راشد خان کا کہنا تھا کہ میری ساری توجہ فی الحال ٹی 20 ورلڈکپ پر مرکوز ہے ا ور فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے اپنی شادی سے متعلق ایک بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کبھی نہیں کہا کہ افغانستان کے ورلڈکپ جیتنے کے بعد ہی شادی کروں گا۔ 
انہوں نے کہا کہ میں تو خود سے منسلک یہ بیان سن کر حیران رہ گیا تھا تاہم میں نے اتنا ضرور کہا تھا کہ آئندہ کچھ سالوں میں کرکٹ کھیلنے کے مواقع زیادہ ہیں اور اس کے علاوہ تین ورلڈ کپ بھی ہیں، اسی لئے میری توجہ شادی سے زیادہ کرکٹ پر ہے مگر اس بیان کو کچھ اور ہی بنا دیا گیا۔ 
واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے سپنر راشد خان سے متعلق یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ جیتے گی تو میں شادی کروں گا تاہم اب انہوں نے اس بیان سے متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔