پاکستان کے پاس تاریخ بنانے کا موقع ، بابراعظم کا کردار سب سے اہم کیوں ہے؟ میتھیو ہیڈن کا دلچسپ تجزیہ

پاکستان کے پاس تاریخ بنانے کا موقع ، بابراعظم کا کردار سب سے اہم کیوں ہے؟ میتھیو ہیڈن کا دلچسپ تجزیہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ متھیو ہیڈن کا ماننا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں بابراعظم کی کپتانی سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہو گی کیونکہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں غلطیوں کی گنجائش بہت کم ہے۔ 
ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے میتھیو ہیڈن کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ میں کپتانی بہت ہی زیادہ اہمیت کی حامل ہو گی کیونکہ یو اے ای میں غلطیوں کی گنجائش بہت کم ہے اور یہاں ڈاگ فائٹ جیسی صورتحال ہے جبکہ پاکستان کے پاس تاریخ بنانے کا ایک بہترین موقع ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ بطور کپتان بابراعظم پر زیادہ دباﺅ ہو گا کیونکہ ہر بھارتی باؤلر انہیں ٹاگٹ بنائے گا اور ان کی وکٹ حاصل کرنا چاہے گا۔ بابراعظم کے پاس قیادت ہے اور مہارت بھی، انہیں بطور کپتان ہی نہیں بلکہ بطور کھلاڑی بھی اپنے کردار سے انصاف کرنا ہو گا۔ 
انہوں نے پاکستان اور بھارت کے میچز کا موازنہ ایشز سیریز سے کئے جانے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ایشز سیریز کرکٹ کی سب سے بڑی گیم ہے مگر پاکستان اور بھارت جیسی ’دشمنی‘ کہیں اور نہیں دیکھی اور یقینا دونوں ٹیموں پر بہت زیادہ دباؤ بھی ہو گا جسے سخت محنت اور تجربے سے کم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے پاس تاریخ بنانے کا موقع ہے۔