آئرلینڈ نے 2 مرتبہ کی چیمپین ویسٹ انڈیز کو ٹی 20 ورلڈکپ سے باہر کر دیا

آئرلینڈ نے 2 مرتبہ کی چیمپین ویسٹ انڈیز کو ٹی 20 ورلڈکپ سے باہر کر دیا

ہوبارٹ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں کوالیفائی راؤنڈ کے 11 ویں میچ میں آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بیلیریو اوول میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ 
برینڈن کنگ نے 48 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جونسن چارلز 24، ایوین لوئس 13، نکولس پورن 13 اور اوڈین سمتھ 19 رنز بنا سکے۔ 
آئرلینڈ کی جانب سے گیرتھ ڈیلانی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 16 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بیری میکارتھی اور سیمی سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کے اوپنرز بالخصوص پال سٹرلنگ نے انتہائی شاندار اور دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے فتح کی بنیاد رکھ دی اور آئرلینڈ نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 18 ویں اوور میں ہدف حاصل کر کے سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ 

پال سٹرلنگ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور لورکن ٹکر 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اینڈریو بالبرنی نے 37 رنز بنائے۔ 
ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 39 رنز دئیے جبکہ عقیل حسین نے 4 اوورز میں 38 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے ویسٹ انڈیز کی قیادت نکولس پورن نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کائل مائرز، جونسن چارلز، ایوین لوئس، برینڈن کنگ، روومین پاول، جیسن ہولڈر، عقیل حسین، اوڈین سمتھ، الزاری جوزف اور عبید میکوئے شامل تھے۔ 
آئرلینڈ کی قیادت اینڈریو بالبرنی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں پال سٹرلنگ، لورکن ٹکر، ہیری ٹیکٹر، کرٹس کیمفر، جارج ڈاکریل، گیرتھ ڈیلانی، مارک ایڈائر، سیمی سنگھ، بیری میکارتھی اور جوشوا لٹل شامل تھے۔ 

مصنف کے بارے میں