عمران خان کرپشن پر نااہل ہونے والے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم بن گئے 

عمران خان کرپشن پر نااہل ہونے والے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم بن گئے 
سورس: File

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کرپشن پر نااہل ہونے والے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم بن گئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے انہیں کرپٹ پریکٹس پر نااہل قرار دیا۔ 

نیو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 63 ون پی کے تحت کرپٹ پریکٹس کا مرتکب قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا۔ عمران خان پہلے وزیر اعظم ہیں جنہیں کرپشن پر نااہل کیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ 28 جولائی 2017 ء کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کو کرپشن پر نہیں بلکہ اپنے بیٹے کمپنی سے ملنے والی تنخواہ ظاہر نہ کرنے پر نااہل قرار دیا تھا۔ 

سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ نواز شریف نے "کیپیٹل ایف زیڈ ای" سے متعلق کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے۔ نواز شریف عوامی نمائندگی ایکٹ کی شق 12 کی ذیلی شق ’ٹو ایف‘ اور آرٹیکل 62 کی شق ’ون ایف‘ کے تحت صادق نہیں رہے۔

فیصلے کے مطابق نواز شریف کو رکن مجلس شوریٰ کے رکن کے طور پر نااہل قرار دیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نواز شریف کی نااہلی کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرے۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نواز شریف وزیر اعظم نہیں رہیں گے۔

  

قبل ازیں اپریل 2012 میں اس وقت کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔ یوسف رضا گیلانی کو صدر زرداری کے خلاف سوئٹزر لینڈ کو خط لکھنے کے عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر نااہل کیا گیا تھا۔ 

مصنف کے بارے میں