محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا

محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا

لاہور:ملک کے مختلف علاقوں میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا ہے جس کے بعد نئے اسلامی سال 1439 ہجری کا آغاز ہو گیا۔نئے اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن نے کی۔ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں ملنے کے بعد مفتی منیب الرحمن نے چاند نظر آنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔

مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ یکم محرم الحرام 22 ستمبر بروز جمعہ کو ہوگی۔رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ نئے اسلامی سال کے پہلے روز یعنی یکم محرم الحرام کو حضرت عمر فاروق کا یوم شہادت منایا جائے گاجبکہ حضرت امام حسین اور اہل بیعت کا یوم شہادت یعنی یوم عاشور یکم اکتوبر بروز اتوار کو ہوگا۔واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت مختلف خلیجی ممالک، مشرق وسطی، مشرق بعید اور یورپی ریاستوں میں نئے اسلامی سال کا آغاز ہوگیا ہے.