شام میں روس کے فضائی حملے ،گذشتہ 24گھنٹوں میں قریباً 850 جنگجو ہلاک

شام میں روس کے فضائی حملے ،گذشتہ 24گھنٹوں میں قریباً 850 جنگجو ہلاک

روس کی وزرات دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں روسی لڑاکا طیارو ں کے حملوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں قریباً ساڑھے آٹھ سو جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

صوبہ ادلب اور اس سے ملحقہ بعض علاقوں میں مئی میں شامی حکومت اور باغی گروپوں نے تین ملکوں روس ، ترکی اور ایران کی ثالثی میں جنگ بندی سے اتفاق کیا تھا اور ان علاقوں کو محفوظ زون قرار دیا تھا۔ اس صوبے میں تب سے جنگ بندی جاری تھی۔
برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے گذشتہ روز اس صوبے کے اگلے محاذوں پر اچانک لڑائی چھڑ جانے کی اطلاع دی تھی اور بتایا تھا کہ باغی جنگجوو¿ں کے مختلف دھڑوں نے ادلب اور صوبہ حماہ کے درمیان سرحدی علاقے میں واقع دیہات پر شدید حملہ کیا ہے۔ باغی دھڑوں کی قیادت القاعدہ سے ماضی میں وابستہ گروپ کررہا تھا اور وہ جنگ بندی کے مذکورہ سمجھوتے میں شامل نہیں ہے۔
باغیوں کے دیہات پر دھاوے کے ایک گھنٹے کے بعد ہی شامی فوج نے فضائی حملے شروع کردیے تھے۔ روسی فضائیہ بھی شامی فوج کی مدد کو آ گئی تھی اور اس نے بھی ادلب کے جنوب اور صوبے حماہ کے شمالی حصوں میں باغیوں پر بمباری شروع کردی تھی۔